بھارتی پراکسی جنگ کے ثبوت موجود ہیں، خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے : آرمی چیف

کوئٹہ(آئی ایس پی آر) آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کی پراکسی جنگ اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی، ہمارے پاس بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، اور پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کرنے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ کوئٹہ میں منعقدہ عظیم الشان جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جرگہ میں بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر قبائلی قیادت سے مشاورت کی گئی اور خطے میں امن و ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دشمن کی سازشیں ناکام بنائیں گے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

آرمی چیف نے اپنے خطاب میں واضح کیا”بھارت کی سرپرستی میں جاری پراکسی جنگ اب راز نہیں رہی، بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششیں دشمن کے مذموم عزائم کا حصہ ہیں، جنہیں ہم ہر صورت ناکام بنائیں گے۔”

بلوچستان کا امن پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اور پاک فوج ہر اندرونی و بیرونی خطرے سے نمٹنے کیلئےمکمل تیار ہے۔ انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا۔

دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد ضروری ہے : وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ”بھارتی سرپرستی میں دہشت گرد بلوچستان کے امن کو سبوتاژ اور ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”

انہوں نے زور دیا کہ مقامی سطح پر عوامی شمولیت اور قبائلی قیادت کا کردار کلیدی ہے تاکہ دہشت گرد عناصر کو حمایت نہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں، سہولت کاروں اور ان کے مددگاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔

قبائلی قیادت کا عزم

جرگے کے شرکاء، جن میں بلوچستان کی قبائلی قیادت، عمائدین اور ممتاز شخصیات شامل تھیں، نے اس موقع پر افواجِ پاکستان اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ لکھیں