بھارتی ہریانوی گلوکار و یوٹیوبر انکت بالیان جم کے باہر فائرنگ سے قتل

مظفر نگر(بھارتی میڈیا) بھارتی ریاست اترپردیش میں ہریانوی گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان کو جم سے باہر نکلتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ بدھ کی شام کوتوالی تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے انکت بالیان پر متعدد گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انکت بالیان پر 18 گولیاں چلائی گئیں۔پولیس کے مطابق مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی متعدد ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ علاقے میں نصب کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لے کر حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انکت بالیان کے یوٹیوب چینل پر 3 لاکھ 66 ہزار سے زائد صارفین موجود تھے۔ وہ اپنی ویڈیوز میں متعدد معروف گلوکاروں، فنکاروں اور پرفارمرز کے ساتھ نظر آتے تھے، جبکہ ان کی متعدد ویڈیوز میں اسلحہ، فائرنگ اور مہنگی گاڑیاں بھی دکھائی گئی تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی ہیں کہ انکت بالیان آئندہ پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے کی تیاری کر رہے تھے، تاہم پولیس یا مقتول کے قریبی ساتھیوں نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔پولیس کے مطابق قتل کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔