بھکر: (ایجنسیاں) انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم نے بتایا ہے کہ داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ بھکر پر خودکش حملے میں دو پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا ہے۔شہداء کانسٹیبل فہیم عباس اور شہباز مدنی کی لازوال قربانی کو آئی جی نے خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
آئی جی پنجاب نے زخمی کانسٹیبل ارشد کو بہترین علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ فہیم عباس اور شہباز مدنی نے ملک و قوم کی حفاظت کے دوران فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کیا، اور پنجاب پولیس شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔آئی جی نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کا ہر جوان فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کے طور پر کھڑا ہے اور اہلکاروں کی ویلفیئر ہماری اولین ترجیح ہے۔

