بہاولپور کے محمد اکرم نے عمران نذیر کا 21 سال پرانا قومی ریکارڈ توڑ دیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)بہاولپور سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ بیٹر محمد اکرم نے عمران نذیر کا 21 سال پرانا قومی ریکارڈ توڑ دیا اور تیز ترین ٹی ٹوئنٹی ففٹی بنانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کوالیفائنگ راؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں محمد اکرم نے حیدرآباد کے خلاف صرف 13 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی دھواں دھار اننگز میں 6 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔

اس سے قبل عمران نذیر نے 2005 میں 14 گیندوں پر ففٹی بنا کر ریکارڈ قائم کیا تھا جو اب ٹوٹ گیا ہے۔واضح رہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچز لاہور میں جاری ہیں، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔