کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی منیرتنا پر خاتون نے خود کو عصمت دری کا نشانہ بنانے کا سنگین الزام عائد کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس میں شکایت درج کروائی کہ انہیں بی جے پی رکن اسمبلی منیرتنا نے عصمت دری کا نشانہ بنایا۔
خاتون نے اپنی شکایت میں دعویٰ کیا کہ منیرتنا نے اسمبلی بلڈنگ کے اندر اور اپنی سرکاری گاڑی کے اندر متعدد بار جنسی زیادتی کی۔
صرف یہی نہیں بلکہ بی جے پی رہنما نے خاتون کی نازیبا ویڈیوز بھی ریکارڈ کیں اور دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی جائے گی۔
منیرتنا نے متاثرہ خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی اور زبردستی ہنی ٹریپ کا کام کرنے پر مجبور کیا۔ بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف ان الزامات سے ریاست میں سیاسی ہلچل پیدا ہوگئی۔ریاستی حکومت نے متعلقہ اداروں کو خاتون کے الزامات کی روشنی میں تحقیقات کا حکم جاری کر دیا۔
منیرتنا پر خاتون کو عصمت دری کا نشانہ بنانے کا الزام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب وہ ایک کنٹریکٹر کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہیں۔کنٹریکٹر نے دعویٰ کر رکھا ہے کہ بی جے پی رہنما نے انہیں رشوت لینے کیلئے پریشان کیا تھا۔