بی پی ایل: محمد نبی اور بیٹے حسن عیسیٰ خیل نے ایک ٹیم کیلئےکھیل کر تاریخ رقم کر دی

ڈھاکا، ذرائع (سپورٹس ڈیسک)افغانستان کے کرکٹر محمد نبی اور ان کے بیٹے حسن عیسیٰ خیل نے بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل 2026) میں ایک ہی ٹیم نوکھالی ایکسپریس کیلئے کھیل کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔

محمد نبی اور حسن عیسیٰ خیل ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں ایک ٹیم سے کھیلنے والے باپ بیٹے کی پہلی جوڑی بن گئے ہیں۔ اس دوران حسن عیسیٰ خیل نے والد کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 53 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، جبکہ 19 سالہ حسن نے 60 گیندوں پر 92 رنز بنائے۔

محمد نبی نے کہا کہ اپنے بیٹے کے ساتھ کھیل کر وہ کافی خوش ہیں اور طویل انتظار کے بعد بیٹے کے ساتھ میدان میں اترنے کا موقع ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میچ سے ایک دن قبل انہوں نے 90 منٹ تیاری کی اور بیٹے کو بولنگ کا سامنا کرنے کی رہنمائی فراہم کی۔

حسن عیسیٰ خیل نے کہا کہ والد کے ساتھ کھیل کر خوشی ہوئی، وہ سخت مزاج نہیں اور ٹریننگ میں سختی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان نیشنل ٹیم کے لیے کھیلنا میرا خواب ہے۔واضح رہے کہ نوکھالی ایکسپریس نے گزشتہ میچ میں ڈھاکا کیپیٹلز کو 41 رنز سے شکست دی تھی۔