بیجنگ:چین کا وینزویلا میں امریکی اقدام پر شدید تشویش کا اظہار

بیجنگ (چینی وزارت خارجہ، غیر ملکی میڈیا)چین نے وینزویلا میں امریکی اقدام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو زبردستی حراست میں لے کر ملک سے باہر منتقل کرنا بین الاقوامی قوانین اور تعلقات کے اصولوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ امریکا فوری طور پر صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی سلامتی یقینی بنائے اور انہیں رہا کرے، جبکہ وینزویلا کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوششیں بند کی جائیں۔ ترجمان کے مطابق چین اس بات پر زور دیتا ہے کہ تمام تنازعات اور مسائل مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے حل کیے جائیں۔

چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ کسی بھی خودمختار ملک کے اندرونی معاملات میں فوجی مداخلت ناقابل قبول ہے اور اس طرح کے اقدامات عالمی امن و استحکام کیلئےخطرہ ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی کارروائی کے بعد وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے طیارے کے ذریعے نیویارک منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے مین ہیٹن کے قریب بروکلین کے حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق نکولس مادورو کو نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ان پر منشیات اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔