لاہور:پاکستانی سُپر اسٹار ہمایوں سعید کی اگرچہ کوئی اولاد نہیں اور سب اس بات سے واقف ہیں لیکن حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں اپنی ’اکلوتی بیٹی‘ کا نام بتا کر سب کو حیران کردیا۔
حال ہی میں اداکار ہمایوں سعید نے میزبان اور قریبی دوست احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں خصوصی شرکت کی جس میں انہوں نے نہ صرف اپنی فنی زندگی کے حوالے سے بات کی ۔
انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بھی کھل کر بات کی جس میں بنیادی طو رپر انکا بے اولاد ہونا تھا جس پر لوگوں کی جانب سے طرح طرح کی باتیں بنائی گئیں۔
پوڈکاسٹ میزبان کی جانب سے اس حوالے سے پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میںانہوں نےکہا کہ میں یہ بات آج واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میری ایک ہی بیٹی ہے اور وہ ہے ثناء، لوگ اپنے دلوں کو یہ کہہ کر تسلی نہ دیں کہ ثناء میری سالی ہے، نہیں وہ میری بیٹی ہے۔
ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ثناء 25 سال سے میرے ساتھ ہے، میں نے اور اہلیہ ثمینہ نے اسے پالا ہے اور وہ میرے گھر کی رونق ہے، میں نے جو بھی کمایا ہے، گھر، کمپنیز سب کچھ ثناء کاہی ہے، میری ساری خوشیاں ثناء کی ہیں۔
اداکار ہمایوں سعید کی 90 کی دہائی میں ثمینہ ہمایوں کے ساتھ شادی ہوئی تھی، ان کی شادی کو 25 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہے۔
ہمایوں سعید نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ کچھ مسائل کی وجہ سے ہمارے بچے نہیں ہیں۔ یہ اللہ کی طرف سے ہے کہ ہمارے بچے نہیں ہیں، لیکن میں اپنے آس پاس کے تمام بچوں سے پیار کرتا ہوں۔