انقرہ (ترک میڈیا، غیرملکی ذرائع)ترکیہ نے اسرائیل کو ایران کی داخلی کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کی کوششوں پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔
ترک وزیر خارجہ حاقان فدان نے ترک میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران میں جاری احتجاجی مظاہروں کو ایران کے حریف ممالک اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ اسرائیل بھی ایران کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
حاقان فدان کا کہنا تھا کہ ایران کی داخلی کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کی اسرائیلی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل نہ صرف ایران کی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے بلکہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے میں بھی رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکیہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی اور تعمیر نو میں کردار ادا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے۔
خیال رہے کہ ایران میں پرتشدد مظاہرے تیرہویں روز بھی جاری ہیں، جن کے دوران درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ مظاہروں کے دوران متعدد سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے اور تقریباً ڈھائی ہزار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایرانی حکام کے مطابق ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر بند کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ایرانی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمانڈر انچیف کی سربراہی میں فوج نہ صرف خطے میں دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھے گی بلکہ قومی مفادات اور عوامی املاک کا ہر صورت تحفظ بھی کرے گی۔ایرانی فوج کا مزید کہنا ہے کہ بارہ روزہ جنگ میں ایرانی بچوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے عناصر اب ایرانی عوام کی حمایت کے جھوٹے دعوؤں کے ذریعے ایک اور فتنہ بھڑکانے کی سازش کر رہے ہیں۔

