یورپی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ جانوروں کی چربی و چکنائی سے تیار مکھن کے بجائے نباتاتی تیل جیسے زیتون اور خشک میوے کی گری سے تیار مکھن آپ کے دل کی صحت کےلیے بہتر ہے۔
ماہرین نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ جمنے والی چربی سے تیار مکھن کی مقدار اپنی خوراک سے کم کریں۔ اسکے بجائے نہ جمنے والی نباتات سے بنائی گئی چکنائی استعمال کریں جیسا کہ بحیرہ روم کے خطے میں سالوں سے کیا جاتا ہے، اس سے ان میں امراض قلب کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بہت زیادہ سیچوریٹڈ فیٹس (جمنے والی چکنائی) کھانے سے نقصاندہ کولیسٹرول کی سطح بڑھ جاتی ہے جس کے نتیجے میں جسم میں چربی کی مقدار بڑھنا شروع ہوجاتی ہے جو کہ خون کی شریانوں کو تنگ کرنے کا سبب بننے کے ساتھ اسٹروک کا خطرہ بڑھاتی ہے۔ اس سے وزن بڑھتا ہے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
اس حوالے سے سوئیڈش اور جرمن محققین نے بتایا کہ وہ لوگ جو نباتاتی تیل کا استعمال کرتے تھے، انھوں نے ہارٹ اٹیک اور اسٹروک کے امکانات ایک تہائی تک اور ذیا بیطس کے امکانات کو ایک چوتھائی تک کم کیا۔