جاپان میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 56 گاڑیاں ٹکرا گئیں، خاتون جاں بحق، 26 زخمی

ٹوکیو(ایجنسیاں)جاپان میں شدید برف باری اور سڑک پر پھسلن کے باعث ہونے والے بڑے ٹریفک حادثے میں 56 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 26 افراد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی ذرائع کے مطابق حادثہ شاہراہ پر اس وقت پیش آیا جب برف باری کے باعث سڑک پر پھسلن ہوئی اور دو ٹرک آپس میں ٹکرا گئے، جس کے بعد پیچھے آنے والی درجنوں گاڑیاں ایک کے بعد ایک حادثے کا شکار ہوتی چلی گئیں۔ حادثے کے دوران متعدد گاڑیوں میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ برف باری اور خراب موسمی حالات کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا، تاہم زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی عمر 77 برس تھی اور ان کا تعلق ٹوکیو سے بتایا جاتا ہے، جبکہ متاثرہ شاہراہ کو تاحال ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا ہے۔