جاپان کی وزیرِ اعظم نے پارلیمنٹ تحلیل کر دی، قبل از وقت انتخابات کا اعلان

ٹوکیو(ایجنسیاں)جاپان کی وزیرِ اعظم سنائے تاکائچی نے پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں کو تحلیل کر دیا ہے، جس کے بعد 8 فروری کو قبل از وقت عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپیکر نے پارلیمنٹ کی تحلیل کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جبکہ پارلیمنٹ کی تحلیل کے بعد 12 روزہ انتخابی مہم کا آغاز آئندہ منگل سے ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق سنائے تاکائچی اکتوبر میں جاپان کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم منتخب ہوئی تھیں اور تین ماہ کے مختصر عرصے میں ان کی مقبولیت کی شرح تقریباً 70 فیصد بتائی جا رہی ہے۔ وہ اپنی ذاتی مقبولیت کو بروئے کار لاتے ہوئے حکمران جماعت کی پوزیشن مضبوط کرنا چاہتی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حکمران اتحاد، جس میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی اور جاپان انوویشن پارٹی شامل ہیں، ایوانِ زیریں میں معمولی اکثریت رکھتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق جاپانی عوام کو اس وقت سب سے زیادہ تشویش مہنگائی کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر ہے۔

دوسری جانب جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق انتخابی مہم میں مہنگائی پر قابو پانا اور چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اہم موضوعات ہوں گے۔ واضح رہے کہ نومبر میں وزیرِ اعظم سنائے تاکائچی کے تائیوان سے متعلق بیان کے بعد جاپان اور چین کے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے، جس کے بعد چین نے جاپان کے خلاف معاشی اور سفارتی اقدامات کیے تھے۔