جب جیا بچن نے امیتابھ کو گھر کا سب سے بڑا بچہ قرار دیا

بھارتی معروف سینئر اداکارہ و سیاستدان جیا بچن نے شوہر، بگ بی کو بچہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خاندان میں سب سے زیادہ اور مسلسل توجہ کی ضرورت امیتابھ بچن کو ہوتی ہے۔

امیتابھ بچن اور جیا بچن طویل عرصے سے انڈسٹری میں اپنے مضبوط رشتے اور ایک دوسرے کے کیریئر میں مدد کرنے کے سبب خاص شہرت رکھتے ہیں، یہ جوڑا ناصرف انڈسٹری کا حصہ ہے بلکہ سیاست کے ساتھ ساتھ کاروباری دنیا کا بھی حصہ دار ہے۔

جیا بچن اور امیتابھ بچن کے درمیان ہونے والی ان بن کبھی بھی سرخیوں کی زینت نہیں بنی ہے، یہ جوڑا ہمیشہ ایک ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا ہے۔

جیا بچن کا اپنے ایک پرانے انٹرویو میں شوہر کی عادات پر بات کرتے ہوئے بتانا تھا کہ گھر میں اگر سب سے زیادہ توجہ کسی کو چاہیے ہوتی ہے تو وہ کوئی چھوٹی عمر کا بچہ نہیں بلکہ اُن کا شوہر ہے۔

بھارتی شو ’کافی وِد کرن‘ کے دوسرے سیزن میں انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں جیا بچن کا بتانا تھا کہ ہم لڑتے بھی ہیں، بالکل اسی طرح جیسے ایک عام خاندان میں لڑائی ہو جاتی ہے، مگر ہم دلائل اور سلجھے ہوئے جملوں میں بحث کرتے ہیں۔

سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ کبھی کبھار تو یہ لڑائی اس نوعیت کی ہوتی ہے کہ دل چاہتا ہے فون کال کاٹ دوں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ہمارے گھر کے مرد دوسرے مردوں سے مختلف نہیں ہیں، ابھیشک نان اسٹاپ باتیں کرتا ہے، وہ ہر چیز پر اپنی رائے رکھتا ہے، اُن کے گھر کے مرد خواتین سے توجہ مانگتے ہیں اور اُن کے شوہر، امتابھ بچن تو مسلسل توجہ اور اہمیت کا مطالبہ کرتے ہیں، وہ گھر میں سب سے بڑا بچہ ہے اور کسی سے بھی زیادہ توجہ اُنہیں چاہیے ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں