دنیا بھر کے سو سے زائد ممالک کی شرکت، حجاج کی سہولت کیلئے مصنوعی ذہانت اور روبوٹک نظام متعارف
جدہ (نمائندہ خصوصی)جدہ سپر ڈوم میں منعقدہ تین روزہ حج ایکسپو 2025 اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ عالمی سطح کا منفرد ایونٹ سعودی وزارتِ حج و عمرہ اور پِلگرم ایکسپیرینس پروگرام کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس میں سو سے زائد ممالک کے سرکاری و نجی نمائندوں، ماہرین اور ٹیکنالوجی کمپنیوں نے شرکت کی۔

ایکسپو کا مرکزی عنوان “مکہ سے دنیا تک” تھا جس کے تحت حج انتظامات، زائرین کی سہولت اور عالمی شراکت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔نمائش کے مختلف پویلینز میں جدید ڈیجیٹل سسٹمز، ڈرون، روبوٹک سروسز، مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپلیکیشنز اور ڈیٹا مانیٹرنگ ٹولز پیش کیے گئے جنہیں حجاجِ کرام کے بہتر تجربے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

تقریب کے دوران ماہرین نے حج انتظامات میں سعودی حکومت کے ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات حج کو زیادہ منظم، محفوظ اور سہل بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ایکسپو کے دوران کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام حج کی تاریخ اور اسلامی ثقافتی ورثے پر مبنی ایک خصوصی فورم بھی منعقد ہوا، جس میں مختلف ادوار کے حج سفر کی نادر جھلکیاں اور تاریخی نوادرات پیش کیے گئے۔تین روزہ ایونٹ کے اختتام پر متعدد بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن کا مقصد آئندہ حج سیزن کو مزید منظم، مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
حج ایکسپو 2025 اس بات کی واضح عکاسی کرتا ہے کہ سعودی عرب نہ صرف مذہبی خدمات میں جدت لا رہا ہے بلکہ حج انتظامات کو عالمی معیار کے مطابق ڈیجیٹل، سمارٹ اور پائیدار نظام کی سمت لے جا رہا ہے۔ “مکہ سے دنیا تک” کے عنوان کے تحت یہ ایکسپو حجاج کی سہولت، عالمی تعاون اور اسلامی ورثے کے تحفظ کے لیے ایک نیا باب ثابت ہوا۔

