جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے نواحی قصبے ڈارمشٹاڈ Darmstadt میں دوسری جنگ عظیم کی یادگاری تصاویر کی نمائش لگا دی گئی۔ نمائش کا عنوان ” 1944 میں ڈارمشٹاڈ کی تباہی ” رکھا گیا۔ نم آنکھوں کے ساتھ لوگوں نے اس تاریخی تصویری نمائش میں شرکت کی.
1939 سے شروع ہو کر 1945 میں ختم ہونے والی دوسری جنگ عظیم کو ختم ہوئے 79 سال بیت گئے مگر جنگ کے نشان آج بھی باقی ہیں۔ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے نواحی قصبے ڈارمشٹاڈ Darmstadt کے عین وسط میں بڑے پیمانے پر دوسری جنگ عظیم کی یادگاری تصاویر کی نمائش لگا دی گئی۔
لوگوں کی ایک کثیر تعداد خاص طور پر جنگ کے مناظر دیکھنے کے لیے ہر روز شہر کے وسط کا رخ کرتی ہے جبکہ کاروباری مراکز ہونے کی وجہ سے بھی لوگوں کا یہاں آنا جانا لگا رہتا ہے۔ لوگ آنکھوں میں نمی لیے تباہ شدہ قصبے کی تصاویر کو دیکھتے ہیں۔
بڑی بڑی تصویروں میں جنگ کے فضائی مناظر، طیاروں کی پروازیں، تباہ شدہ گلیاں و مکانات اور اسکے ساتھ ساتھ شہیدوں کی یادگاروں پر پھول چڑھانے کے مناظر نقش ہیں۔
تصاویر کے ساتھ ساتھ جنگ کے احوال اور تاریخ کے حوالے بھی دیے گئے ہیں تاکہ یہاں آنے والوں کو تصاویر دیکھ کر تاریخ سے مکمل آگاہی ہو سکے۔ واضح رہے کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران اتحادی ممالک کی بمباری سے جرمنی کے دوسرے شہروں کی طرح ڈارمشٹاڈ Darmstadt قصبہ میں بھی بہت زیادہ تباہی ہوئی تھی اور قصبہ تقریبا 80 فیصد تباہ ہو گیا تھا۔