جرمنی کے بڑے ہوائی اڈوں پر آج رات سے ہڑتال، ہزاروں پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ

میونخ(بیورورپورٹ)جرمنی میں فضائی سفر کرنے والے مسافروں کیلئےبری خبر. آج رات سے ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پر ہڑتال کا آغاز ہونے جا رہا ہے. ٹریڈ یونین ورڈی کے اعلان کے مطابق اتوار کی رات 11 بجےسے فرینکفرٹ، میونخ، برلن، کولون-بون، ڈوسلڈورف، ڈورٹمنڈ، ہنوور، بریمن، ہیمبرگ، اور لائپزگ-ہالےسمیت دیگر مصروف ترین ہوائی اڈوں پر کام کرنے والے تقریباً 23,000 ملازمین ہڑتال پر جا رہے ہیں۔

جرمن ہوائی اڈوں کی ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کے روز فرینکفرٹ اور میونخ کے ہوائی اڈوں پر 2,000 سے زائد پروازیں متاثر ہوں گی جبکہ فرینکفرٹ ایئرپورٹ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ پیر کے روز کوئی بھی پرواز روانہ ہونے کا امکان نہیں.

ہڑتال کے باعث تقریباً 150000سے زائد مسافروں کے سفر متاثر ہونے کا خدشہ ہے ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پیر کے روز ایئرپورٹ آنے سے گریز کریں کیونکہ فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوگا اور بیشتر پروازیں منسوخ ہو سکتی ہیں۔

یہ ہڑتال جرمنی میں پبلک سیکٹر کے ملازمین کی اجرت کے مذاکرات کے دوسرے دورکے بعد سامنے آئی ہے۔ ورڈی ٹریڈ یونین کا مطالبہ ہے کہ ہوائی اڈوں کے گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس پرووائیڈرز کے ملازمین کی اجرتوں میں اضافہ کیا جائے۔اس تنازعے کے باعث گزشتہ ہفتے بھی کئی جرمن ہوائی اڈوں پر ہڑتال کی گئی تھی، جس سے ہزاروں پروازیں متاثر ہوئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا.

ایئرپورٹ انتظامیہ اور ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے کیلئےایئرپورٹ ویب سائٹس اور ایئرلائن ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں۔مسافروں کو متبادل سفری انتظامات کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا.

ورڈی ایسوسی ایشن کی جانب سے عندیہ دیا گیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو آئندہ دنوں میں مزید سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ یونین تقریباً 2.5 ملین پبلک سیکٹر ورکرز کیلئے اجتماعی اجرت کے معاہدے کی تلاش میں ہے جس میں صحت کے شعبے، کنڈر گارٹنز اور دیگر محکمے بھی شامل ہیں.

جرمنی میں سفر کرنے والے تمام افراد کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے حوالے سے پیشگی معلومات حاصل کریں اور ہڑتال کے ممکنہ اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفری منصوبے بنائیں.

اپنا تبصرہ لکھیں