اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کے کامیاب دفاع پر وہ اس اعلیٰ عسکری اعزاز کے مکمل طور پر مستحق ہیں۔
یہ بات انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں انہیں جنرل عاصم منیر کی ترقی کے فیصلے پر اعتماد میں لیا گیا۔صدر اور وزیراعظم کی ملاقات میں 6 اور 7 مئی 2025 کو بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان کی مسلح افواج کی مؤثر جوابی کارروائی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
صدر زرداری نے کہا”فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے مادرِ وطن کا شاندار دفاع کیا اور دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔ ان کی عسکری حکمت عملی، قائدانہ صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا”دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو یا سرحدوں کا دفاع، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہمیشہ قومی سلامتی کو مقدم رکھا۔ قوم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔”
علاوہ ازیں صدر مملکت نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو مدتِ ملازمت میں توسیع ملنے پر مبارکباد دی اور ان کی زیرِ قیادت پاک فضائیہ کی جنگی حکمت عملی کو سراہا۔ صدر زرداری کا کہنا تھا”بھارتی فضائیہ کو شکستِ فاش دینا ایئر چیف مارشل کی کامیاب منصوبہ بندی اور بروقت فیصلوں کا نتیجہ ہے.”

