جنوبی افریقہ نے بھارت کو 76 رنز سے شکست دے کر گزشتہ فائنل کا حساب چکتا کردیا

احمد آباد (سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو 76 رنز سے شکست دے دی۔احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 187 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملر 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ڈیوالڈ بریوس نے 45 اور ٹرسٹن اسٹبس نے 44 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے 3، ارشدیپ سنگھ نے 2 جبکہ ورون چکرورتی اور شیوم دوبے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 19ویں اوور میں 111 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ شیوم دوبے 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ہاردک پانڈیا 18 رنز بنا سکے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانسن نے 4، کیشو مہاراج نے 3 اور کوربن بوش نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقہ نے دفاعی چیمپئن بھارت سے گزشتہ ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کی شکست کا بدلہ بھی چکا دیا جبکہ بھارت کی ایونٹ میں مسلسل فتوحات کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا۔