جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، “فتنہ الخوارج” کے 11 دہشت گرد ہلاک، دو جوان شہید

سرا روغہ، جنوبی وزیرستان(آئی ایس پی آر)جنوبی وزیرستان کی تحصیل سرا روغہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ انٹیلیجنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم شدت پسند گروہ “فتنہ الخوارج” کے خلاف ایک کامیاب آپریشن کیا، جس میں 11 دہشت گرد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، کارروائی کے دوران پاک فوج کے دو بہادر جوان – میجر سید معیز عباس شاہ (عمر 37 سال، تعلق چکوال) اور لانس نائیک جبران اللہ (تعلق ضلع بنوں) نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آپریشن کے دوران علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لیا گیا، جس کے بعد جھڑپ کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد خطرے کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ”شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے حوصلے مزید بلند کر رہی ہیں۔ پاکستانی قوم اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر کرتی ہے اور ریاست دہشت گردی کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔”

یاد رہے کہ “فتنہ الخوارج” جیسے گروہ ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، اور ان کیخلاف کارروائیاں ریاستِ پاکستان کے تحفظ، امن و سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنانے کیلئےجاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں