جنگ مسلط کرنیوالوں کو اسی طرح جواب دینگے جیسے مئی میں دیا تھا: فیلڈ مارشل

اردن کے بادشاہ کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف نے دشمن کو واضح پیغام دیا

اسلام آباد(آئی ایس پی آر)چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف مئی میں دی گئی جنگ میں اللہ نے پاکستان کو سربلند کیا اور جو بھی ملک یا قوت پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کرے گی، اسے اسی انداز میں جواب دیا جائے گا۔

یہ بیان انہوں نے ایوان صدر میں اردن کے بادشاہ کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے دوران غیررسمی گفتگو میں دیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا”مسلمان جب اللہ پر بھروسہ کرتا ہے تو دشمن پر پھینکی گئی مٹی بھی میزائل بن جاتی ہے۔ اللہ کے حکم کے مطابق ہم اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔”

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے مگر جو بھی جنگ مسلط کرنے کی کوشش کریگا، اس کیخلاف مئی میں دی گئی طرح کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائیگا۔انہوں نے اس موقع پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا”یہ فتح اللہ کی طرف سے ہے اور ہم اس کے شکرگزار ہیں کہ اس نے ہمیں کامیابی عطا کی۔”

فیلڈ مارشل نے غزوہ احد کی یاد دلاتے ہوئے قرآن کی آیات کا حوالہ دیا اور کہا کہ ماضی کی فتحیں اور نصرت اللہ کی طرف سے ہیں، جو آج بھی پاکستانی فوج کے حوصلے اور عزم کی رہنمائی کرتی ہیں۔

فیلڈ مارشل کے بیانات پاکستان کی دفاعی پوزیشن کو واضح کرتے ہیں: ملک امن پسند ہے، مگر اپنی سرحدوں اور سلامتی پر کسی بھی قسم کی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔ مئی میں بھارتی جارحیت کے جواب کی مثال موجود ہونے کے باعث دشمن کیلئےیہ پیغام بھی واضح ہے کہ پاکستان کی فوج تیار اور مستعد ہے۔