جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل کے آج صبح لبنان میں 110 مقامات پر حملے

بیروت: جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل نے لبنان پر وحشیانہ حملے شروع کر دیے ہیں، آج صبح اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان میں 110 مقامات پر حملے کیے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے غزہ کے بعد لبنان میں بھی دہشت گردی شروع کر دی، گزشتہ رات صہیونی فورسز نے جنوبی لبنان میں110 مقامات پر 400 حملے کیے، جس میں متعدد مکانات تباہ ہوئے۔

حزب اللہ نے جوابی کارروائی میں شمالی اسرائیل پر میزائل داغے اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس میں 3 افراد زخمی ہوئے، حملوں کی وجہ سے شمالی اسرائیل میں عوامی اجتماعات پر پابندی اور اسکول بند کر دیے گئے۔دوسری طرف لبنانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں جمعہ کو اسرائیلی حملوں میں اموات کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا، لبنان کو ایک اور غزہ بننے نہیں دیا جا سکتا، لبنان اسرائیل جنگ ہر صورت روکنا ہوگی۔ انھوں نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کے پاس کچھ اختیارات ہیں مگر ویٹو پاور کی وجہ سے وہ مفلوج ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں