امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک تقریب میں اپنے سخت ترین سیاسی حریف ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کی ٹوپی پہن کر لوگوں کو حیران کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نائن الیون کی یاد میں منعقدہ تقریب کے شرکا اس وقت حیران رہ گئے جب امریکی صدر جو بائیڈن اپنے بدترین سیاسی مخالف اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام والی کیپ پہن کر شریک ہوئے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں جوبائیڈن کو ٹرمپ کے نام کی ٹوپی پہنے دیکھا جا سکتا ہے جو انہوں نے تقریب میں موجود افراد کی فرمائش پر تھوڑا ہچکچانے کے بعد پہنی جب کہ اس موقع پر ان کی ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک حامی سے دلچسپ گفتگو بھی ہوئی جس کو دیکھ کر صارفین بھی محظوظ ہو رہے ہیں۔جوبائیڈن نے اس تقریب میں شریک فائر فائٹرز کو اپنی انتخابی مہم والی کیپ دی اور کچھ دیر بات چیت بھی کی اور یہ دلچسپ مکالمہ وائرل ہو گیا۔
مذکورہ فائر فائٹر نے بائیڈن کی جانب سے دی جانے والی کیپ پر ان کا آٹو گراف مانگا لیکن جب امریکی صدر دستخط کرنے لگے تو اس نے پوچھا کہ کیا آپ کو اپنا نام یاد ہے۔جس پر جوبائیڈن مسکرائے اور انھوں نے جواب دیا کہ ’نہیں مجھے اپنا نام نہیں یاد، میں بوڑھا ہوگیا ہوں۔اس موقع پر فائر فائٹر نے ٹرمپ والی کیپ جوبائیڈن کو دیتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو اس پر میرا آٹوگراف چاہیے؟امریکی صدر جوبائیڈن نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر کہا ’’بالکل نہیں‘‘.
دوسری جانب صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اس منظر نامے کو اپنے تبصرے کے لیے استعمال کیا اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جوبائیڈن کی ٹرمپ والی ٹوپی پہنے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ یہ گزشتہ رات کاملا ہیرس کی صدارتی مباحثے میں بری کارکردگی کا جواب تھا۔