نئی دہلی (بھارتی میڈیا) بھارتی اداکارہ اور حکمران جماعت کی رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے اپنے ’’گٹر جنریشن‘‘ والے متنازع بیان پر ایک بار پھر وضاحت دے دی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے کہا کہ ان کا تبصرہ ملک کے تمام نوجوانوں کے لیے نہیں تھا بلکہ ان مخصوص افراد کے لیے تھا جو خود کو کاکروچ کہتے ہیں اور منفی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو خود کو کاکروچ مانتا ہے تو اس کا تعلق گٹر سے جوڑنا قدرتی بات ہے، ’’گٹر جنریشن‘‘ کا طعنہ بھی مخصوص افراد اور خواتین کیلئے تھا۔کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ ان کے تبصرے کا بنیادی ہدف وہ نوجوان تھے جو نشے کی لت کا شکار ہیں، جوئے اور شرط بازی کے ساتھ ڈارک ویب کی طرف مائل ہیں۔
نیٹ پیپر لیک کیخلاف احتجاج کرنے والوں پر کنگنا رناوت نے سخت تنقید کی تھی اور مظاہرین کی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پوسٹوں اور ویڈیوز کو بیہودہ قرار دیا تھا۔کنگنا رناوت آخری بار فلم ’’بھارت بھاگیا ودھاتا‘‘ میں نظر آئی ہیں، جو 2005ء کے ممبئی حملوں کے دوران اسپتال کے عملے کی سچی کہانی پر مبنی بتائی جارہی ہے۔

