جوان بیٹوں نے اپنی ماں کی دوسری شادی کرواکر مثال قائم کردی

اکثر واقعات میں سنا گیا ہے کہ اولاد اپنے باپ کی شادی کرواتی ہے مگر دو نوجوان بیٹوں نے زبردست اقدام کرتے ہوئے اپنی ماں کی شادی کروادی۔

مرد تو اکثر بڑے دھوم دھڑکے سے بھی دوسری شادی کرلیتے ہیں مگر عورت کی دوسری شادی کافی مشکل ہوتی ہے، بالخصوص کسی بیوہ یا طلاق یافتہ کے لیے دوسری شادی ہمارے معاشرے میں مشکل کام ہے تاہم اگر اقدام ماں کے لیے بیٹوں کی جانب سے کیا جائے تو اس کی مثال نہیں ملتی۔

سوشل میڈیا پر ایک ایسی خاتون کی دوسری شادی کافی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس نے اپنے 2 بیٹوں کو اکیلے پال کر انھیں جوان کیا، بہترین پرورش پانے والے دونوں بیٹوں نے بےمثال فیصلہ کیا اور اپنی سنگل مدر کی دوبارہ سے شادی کروادی۔

خاتون کی شادی کی تصاویر کافی وائرل ہورہی ہیں جس میں ان کے دونوں بیٹے بھی نظرآرہے ہیں،
بیٹوں نے اپنی ماں کو زندگی کو بھرپور طریقے سے جینے کا ایک اور موقع فراہم کیا ہے اور وہ اس پر کافی خوش ہیں۔

سوشل میڈیا پر جب سے یہ تصاویر سامنے آئی ہیں صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں، لوگ ان جوان بیٹوں کو خوب سراہا رہے ہیں جو اپنی ماں کی دوسری شادی پر بےحد جذباتی دکھائی دے رہے ہیں اور انھوں نے کسی کی پروا نہ کرتے ہوئے یہ مثبت فیصلہ کیا۔

جوان بیٹوں کی والدہ کے نکاح کے موقع پر کیا گیا فوٹو شوٹ نیٹ پر اس وقت توجہ کا مرکز ہے جو نہ صرف مثال بن رہا ہے بلکہ لوگوں کو ایک جذباتی پیغام اور حوصلہ بھی دے رہا ہے۔

اس شادی نے معاشرے کو پیغام دیا ہے کہ کسی خاتون کے بیٹے جوان ہونے کے باوجود اسے دوسری شادی کا حق حاصل ہے، عجیب و غریب رواج اور اصول کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔

اپنا تبصرہ لکھیں