جوہری ماحول میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں:آرمی چیف کا بھارت کو انتباہ

راولپنڈی (آئی ایس پی آر) آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو واضح انتباہ دیا کہ جوہری ماحول میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے مئی میں پڑوسی ملک کے ساتھ ہونیوالے تنازع کے دوران پاکستان کی ’واضح فتح‘ کو سراہا اور کہا کہ کسی بھی معمولی اشتعال انگیزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائیگا۔

آرمی چیف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ممکنہ کشیدگی کے تمام نتائج مکمل طور پر اس کے ذمہ ہونگےاور پاکستان اپنے دفاع میں ہر اقدام اٹھانے کیلئےتیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے غیر روایتی محاذ کے تجربے کے بعد اپنی روایتی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے، اور دشمن کو تیز اور فیصلہ کن ضرب دی گئی ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام کا خالص ضامن ہے اور عالمی و علاقائی سطح پر امن قائم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے دوستانہ تعلقات، بالخصوص سعودی عرب، چین، اور دیگر مسلم ممالک کے ساتھ تعاون کو سراہا اور امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا۔

آرمی چیف نے غزہ میں امن اور جنگ بندی کیلئےپاکستان کے کلیدی کردار کا ذکر کیا اور مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کیڈٹس سے خطاب میں کہا کہ دشمن عوام اور افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کے درپے ہیں، لیکن عوام اور مسلح افواج کا رشتہ اٹوٹ اور ناقابل شکست ہے۔ انہوں نے نوجوان کیڈٹس کو وطن کے دفاع اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کیلئے مکمل وفاداری کا پیغام دیا۔

“پی ایم اے کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ”
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 152ویں پی ایم اے لانگ کورس، 71ویں انٹیگریٹڈ کورس، 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس، اور 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں دوست ممالک کے کیڈٹس نے بھی تربیت مکمل کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازی انعامات تقسیم کیے۔ اعزازی شمشیر، گولڈ میڈلز اور دیگر اعزازات مختلف کورسز کے کیڈٹس میں دیے گئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں