جوہری معاہدے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کو تیار ہیں: ایرانی نائب وزیر خارجہ

جنیوا(بین الاقوامی میڈیا رپورٹس) ایران کے نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی نے کہا ہے کہ ایران جوہری معاہدے تک پہنچنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کو تیار ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تہران جلد از جلد امریکا کے ساتھ کسی مفاہمت تک پہنچنا چاہتا ہے اور سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے سنجیدہ ہے۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان عمان کی ثالثی میں بالواسطہ مذاکرات کا دوسرا دور سوئٹزرلینڈ میں مکمل ہوا ہے، جبکہ مذاکرات کا نیا مرحلہ جنیوا میں دوبارہ شروع ہونے والا ہے۔

اس سے قبل ایران نے امریکی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ کسی بھی حملے کی صورت میں سخت جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو یہ ایران کے لیے برا دن ہوگا۔ادھر امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے اپنی فوجی تیاریوں میں بھی اضافہ کیا ہے، جس سے خطے کی صورتحال پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے۔