جی 7 ممالک کا نئی شامی حکومت سے متعلق اہم اعلان

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے 7 ترقی یافتہ ممالک پر مشتمل بین الاقوامی تنظیم جی 7 ممالک نے نئی شامی حکومت کی مکمل حمایت کرنے کا اعلان کر دیا۔تنظیم کے رکن ممالک میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں۔

جی7 ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شام میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، جامع اور غیرفرقہ وارانہ طرز حکمرانی کی مکمل حمایت کریں گے۔G7 کے صدر اٹلی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا کے رہنما شام میں “جامع” حکومت کی منتقلی کی حمایت کے لیے تیار ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اقتدار کی منتقلی کے ایک ایسے عمل کی حمایت کے لیے تیار ہیں جو قابل اعتبار، جامع اور غیر فرقہ وارانہ طرز حکمرانی کی طرف لے جائے جو قانون کی حکمرانی، عالمی انسانی حقوق بشمول خواتین کے حقوق، تمام شامیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ جی 7 مستقبل کی شامی حکومت کے ساتھ کام کرے گا اور اس کی مکمل حمایت کرے گا جو ان معیارات اور اس عمل کے نتائج کی پاسداری کرے گی۔رہنماؤں نے “تمام فریقین” سے “شام کی علاقائی سالمیت اور قومی اتحاد کو برقرار رکھنے اور اس کی آزادی اور خودمختاری کا احترام کرنے” پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں