ممبئی: بالی وڈ میں اپنی لاجواب اداکاری کی صلاحیت سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کرینہ کپور نے خوبصورت اور جوان نظر آنے کیلئےکاسمیٹک سرجری کے امکان کو مسترد کر دیا۔
کرینہ کپور نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں اپنے بچوں اور شوہر کے ساتھ خوشگوار وقت گزارتی ہوں، نہ صرف ان کیلئے کھانا بناتی ہوں بلکہ ہم ایک ساتھ ورزش بھی کرتے ہیں کیونکہ مجھے اس سے لطف آتا ہے۔
بالی وڈ اداکارہ نے کہا کہ میں اپنی زندگی کے اس مرحلے پر بھی اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کو برقرار رکھا ہے، ہر کسی کیلئےخوبصورتی اہم ہوتی ہے لیکن اس کا تعلق جوانی یا عمر سے نہیں ہوتا۔
’آپ کو اپنی زندگی کے ہر مرحلے سے لطف اندوز ہونا چاہیے کیونکہ کوئی بھی ہمیشہ جوان نہیں رہتا۔ اس عمر میں بھی مجھے نہیں لگتا کہ مجھے بوٹوکس یا کسی کاسمیٹک سرجری کی ضرورت ہے۔ میں جیسی بھی ہوں اپنے شوہر کو پیاری لگتی ہوں۔‘
43 سالہ کرینہ کپور نے مزید کہا کہ مجھے اپنی خوبصورتی نہیں بلکہ اداکاری کی صلاحیت کی بنیاد پر فلموں کی آفرز آتی ہیں، میں ایسے کرداروں کا انتخاب کرتی ہوں جو میری عمر کے مطابق ہوں کیونکہ میں چاہتی ہوں کہ میرے پرستار مجھے ویسا ہی دیکھیں جیسی میں ہوں۔
کرینہ کپور اپنے اگلے پروجیکٹ ’دی بکنگھم مرڈرز‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس کی ہدایت کاری ہنسل مہتا کر رہے ہیں۔ فلم میں وہ جاسوس کا کردار ادا کرتی ہوئی نظر آئیں گی۔بالی وڈ اداکارہ نے پچھلے دنوں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے فلم کا ٹریلر شیئر کیا جو ایک دلچسپ کہانی کا اشارہ کرتا ہے۔