جیمز یوجین کیر المعروف جم کیری نے گرل فرینڈ من آہ سے شادی کرلی

لاس اینجلس (بین الاقوامی میڈیا) کینیڈین و امریکی اداکار اور کامیڈین جیمز یوجین کیر المعروف جم کیری نے اپنی دیرینہ گرل فرینڈ من آہ سے شادی کرلی، ان کے نمائندے نے شادی کی تصدیق کردی۔

64 سالہ جم کیری اور من آہ نے اپنے تعلق کو زیادہ تر میڈیا کی نظروں سے دور رکھا، جس کے باعث دونوں کی ایک ساتھ موجودگی بھی شاذ و نادر ہی منظرعام پر آئی۔

رپورٹس کے مطابق دونوں گزشتہ چند برس سے ایک ساتھ ہیں۔ فروری 2022 میں ان کی تصاویر سامنے آئی تھیں، جن میں دونوں لاس اینجلس میں ہونے والے ایک فلاحی مزاحیہ پروگرام سے ایک ساتھ نکلتے ہوئے دکھائی دیے تھے۔

جم کیری اور من آہ کی شادی فرانس میں ہونے والی سیزر ایوارڈز تقریب میں دونوں کے ایک ساتھ نظر آنے کے تقریباً 7 ماہ بعد ہوئی ہے۔ تقریب کے موقع پر جم کیری نے اپنی بیٹی جین، نواسے جیکسن اور من آہ کا ذکر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

جم کیری نے اپنی نجی زندگی کے بارے میں عموماً خاموشی اختیار کی ہے۔ اپریل 2022 میں فلم ’’سونک دی ہیج ہاگ 2‘‘ کی تشہیر کے دوران انہوں نے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرکے نسبتاً پرسکون زندگی گزارنے کے امکان پر بھی گفتگو کی تھی۔

من آہ سے قبل جم کیری اداکارہ گنگر گونزاگا کے ساتھ تعلق میں رہے۔ اس سے پہلے انہوں نے اداکارہ لارین ہولی سے 1996 میں شادی کی تھی، تاہم دونوں کی اگلے ہی سال طلاق ہوگئی۔

جم کیری کی پہلی شادی میلیسا وومر سے ہوئی تھی، جن سے ان کی ایک بیٹی جین ہے۔ دونوں کی شادی 1987 سے 1995 تک قائم رہی۔