حماس کو امن منصوبہ قبول کرنے پر قائل کریں:ٹرمپ کا اردوان سے مطالبہ

انقرہ( العربیہ انگلش)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے کہا ہے کہ وہ حماس کو غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے پیش کردہ امریکی امن منصوبے کو قبول کرنے پر قائل کریں۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ امریکی صدر نے دورے کے دوران اور حالیہ فون کال میں انہیں ہدایت کی کہ وہ حماس سے ملاقات کریں اور انہیں امن منصوبہ قبول کرنے پر قائل کریں۔

اردوان کے مطابق، اسرائیل اور حماس کے مذاکرات کار مصر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ میں بالواسطہ مذاکرات کے تیسرے روز میں داخل ہو گئے ہیں۔ یہ مذاکرات دو سال سے جاری غزہ جنگ کو ختم کرنے کے مقصد کے لیے جاری ہیں اور قطر، ترکیہ اور امریکا کے اعلیٰ حکام بھی اس میں شریک ہیں۔

ترک صدر نے بتایا کہ حماس نے امن اور مذاکرات کے لیے مثبت رویہ اختیار کیا ہے اور منفی ردعمل نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترک وفد مذاکرات میں شریک ہے، جس کی قیادت انٹیلی جنس چیف ابراہیم کالن کر رہے ہیں۔

اردوان نے مزید کہا کہ وہ حماس کو سمجھا رہے ہیں کہ سب سے مناسب راستہ کیا ہے اور فلسطین کے پُراعتماد مستقبل کے لیے کیا اقدامات ضروری ہیں۔ترک صدر کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب عالمی سطح پر غزہ میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے متعدد ممالک بالواسطہ مذاکرات میں حصہ لے رہے ہیں، اور امریکی امن منصوبے پر عمل درآمد کی کوششیں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں