فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا جسد خاکی دوحہ پہنچنے پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے شہید سربراہ اسماعیل ہنیہ کا جسد خاکی قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچا دیا گیا۔
دوحہ سے عرب میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ امام محمد عبدالوہاب جامع مسجد میں ادا کی جائےگی۔
عرب میڈیا کے مطابق نماز جنازہ کے بعد اسماعیل ہنیہ کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
آج صبح ایران کے دارالحکومت تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ پڑھائی جس میں ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔
تہران میں نماز جنازہ کے بعد اسماعیل ہنیہ کے جسد خاکی کو قطر منتقل کرکے ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا۔
واضح رہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ گزشتہ روز ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے، وہ ایرانی صدر محمود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔