صدر آل پاکستان انجمن تاجران نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کے بلوں میں کیا گیا ظلمِ عظیم واپس لے، محرم کے بعد احتجاج کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے بعد ملک بھر میں دوبارہ احتجاج کا اعلان کریں گے، لگتا ہے حکومت اب چاہ رہی ہے کہ عوام آکر ہمیں ہٹا دیں، حکومت نےعوام پر کیے گئے ظلم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں ریکارڈ گندم کے باوجود آٹے کا نیا بحران کھڑا کردیا گیا، عوام میں مفت آٹا بانٹنے والوں نے آٹے پر بھی ٹیکس لگا دیا۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ ظلم کی انتہا ہے کہ حکمرانوں کے اے سی چل رہے ہیں عوام کا پنکھا بند ہے۔
خیال رہے کہ نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کے یکساں ٹیرف کا فیصلہ جاری کردیا جس کے بعد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7.12 روپے تک بڑھے گا۔
ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین تین ماہ کے لیے اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے، نیپرا کی جانب سے بجلی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ نوٹیفکیشن کے لیے حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔
گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک ہوگا، ماہانہ 201 سے 300 یونٹ تک کا ٹیرف 7.12 روپے اضافے سے 34.26 روپے ہوجائے گا، ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 7.02 روپے اضافے سے 39.15 روپے ہوجائے گا۔
ماہانہ 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 41.36 روپے ہوجائے گا، 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 42.78 روپے ہوگا۔
ایک ماہ میں 601 سے 700 یونٹ تک کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 43.92 روپے ہوجائے گا جبکہ 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 48.84 روپے ہوگا۔
ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ 3.95 روپے برقرار رہے گا، ماہانہ 51 سے 100 یونٹ تک صارفین کے لیے فی یونٹ 7.74 روپے برقرار رہے گا۔