حکومت کا مرمتی کام کیلئےتاحکم ثانی موٹروے بند کرنے کا حکم

اسلام آباد: حکومت نے تاحکم ثانی پشاور سے اسلام آباد اور لاہور سے اسلام آباد موٹروے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تاحکم ثانی موٹروے 6 مقامات سے بند رہے گی اور آج رات 8 بجے سے فیصلے پر عمل کیا جائے گا جس کے بعد موٹرویز بند کردی جائیں گی۔

جاری کردی نوٹیفکیشن میں موٹر وے بند کرنے کی وجہ مرمتی کام کا ہونا بتایا گیا ہے، پشاور سے اسلام آباد، لاہور سے اسلام آباد موٹر وے بند رہے گی، نوٹیفکیشن کے مطابق پنڈی بھٹیاں سے ملتان موٹروے، سیالکوٹ سے لاہور اور ڈی آئی خان سے ہکلہ موٹروے بھی بند رہے گی۔

خیال رہے کہ حکومت نے 23 نومبر سے وفاقی دارالحکومت، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس اسلام آباد، کے پی اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 23 نومبر سے معطل کی جا سکتی ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی اے کی جانب سے 22 نومبر سے موبائل انٹرنیٹ سروس پر فائر وال ایکٹو کر دی جائے گی، فائر وال ایکٹو ہونے سے انٹرنیٹ سروس سلو جبکہ سوشل میڈیا ایپز پر ویڈیوز، آڈیوز ڈاؤن لوڈ نہیں ہو سکیں گی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے اور اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتجاج کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں