’حکومت کی تجویز قبول نہیں، پارلیمنٹ بل پاس کرچکی ہم جیت چکے‘:فضل الرحمان

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی کوئی تجویز اب قبول نہٰیں ہے، پارلیمنٹ بل پاس کرچکی ہے ہم جیت چکے ہیں۔

چارسدہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت مدارس رجسٹریشن بل کے معاملے کو سیاسی اکھاڑا نہ بنائے، گزشتہ روز حتمی اعلان کرنے جارہے تھے مفتی تقی عثمانی کے کہنے پر لائحہ عمل کا اعلان مؤخر کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج اجلاس بلا کر علما کو تقسیم کرنے کی سازش کی گئی، ریاست سے تصادم نہیں مدارس کی رجسٹریشن چاہتے ہیں، مدارس کو انتہا پسندی کی طرف کیوں دھکیلا جارہا ہے؟

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام چیزیں اتفاق رائے سے ہوئیں، اب کیوں متنازع بنایا جارہا ہے ہم اپنے مدارس کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ صدر دوسرے ایکٹ پر دستخط کرسکتے ہیں تو مدارس بل پر کیوں نہیں، مجھے پتہ ہے بیچارے کو بل پر دستخط کرنے سے کس نے روکا ہے۔

علاوہ ازیں مدارس عربیہ کے اجتماع میں علامہ طاہر اشرفی کی پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ مدارس کا موجودہ نظام برقرار رکھا جائے، حکومت کو کسی دباؤ میں آکر نظام کو تبدیل اور ختم نہیں کرنا چاہیے۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ مدرسے کے پلیٹ فارم سے سیاست نہیں کرنے دیں گے، ہوسکتا ہے کسی کے پاس سیاسی میدان میں افرادی قوت ہو لیکن مدارس کی افرادی قوت ہمارے پاس ہے۔علامہ جواد نقوی نے حکومت کو مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کا مشورہ دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں