اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان نے آج دنیا کے سامنے ایک نئی معاشی پہچان کے ساتھ قدم رکھا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین و کرپٹو کرنسی بلال بن ثاقب نے لاس ویگاس میں منعقدہ بٹ کوائن ویگاس 2025 کانفرنس میں شرکت کے دوران پاکستان کے پہلے اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو کے قیام کا باقاعدہ اعلان کیا۔
اس تاریخی موقع پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر سمیت دنیا بھر سے ممتاز شخصیات موجود تھیں۔ بلال بن ثاقب نے ایک ولولہ انگیز کلیدی خطاب میں کہا”پاکستان اب صرف ایک ملک نہیں، بلکہ ایک ڈیجیٹل تحریک ہے جسے ہماری نوجوان نسل کی ہمت، وژن اور ٹیکنالوجی کی سمجھ رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک قومی بٹ کوائن والٹ قائم کیا جا چکا ہے، جس میں ریاست کی تحویل میں موجود ڈیجیٹل اثاثے محفوظ ہیں۔ یہ ذخیرہ فروخت یا قیاس آرائی کے لیے نہیں بلکہ خودمختار مالی استحکام کی علامت کے طور پر برقرار رکھا جائے گا۔
2000 میگاواٹ بجلی بٹ کوائن مائننگ اور AI ڈیٹا سینٹرز کیلئےمختص
بلال بن ثاقب نے مزید انکشاف کیا کہ حکومتِ پاکستان نے فیز 1 میں 2000 میگاواٹ اضافی بجلی کو بٹ کوائن مائننگ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیٹا سینٹرز کے لیے مخصوص کر دیا ہے، جو کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی شراکت داری کے بے پناہ امکانات کھولتا ہے۔
پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی (PDAA) کا قیام
ڈیجیٹل فنانس کے لیے شفاف اور عالمی معیار کے مطابق ضابطہ جاتی نظام کے قیام کے لیے بلال بن ثاقب کی سربراہی میں پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی (PDAA) قائم کی جا رہی ہے، جو:
بلڈرز کو بااختیار بنائے گی،سرمایہ کاروں کو تحفظ دے گی،FATF تقاضوں کے مطابق ریگولیٹری فریم ورک فراہم کرے گی.
صدر ٹرمپ کا شکریہ اور پاکستان کا وژن
بلال بن ثاقب نے حالیہ پاک-بھارت تنازع میں ثالثی کا کردار ادا کرنے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا”پاکستان اور بٹ کوائن دونوں ہی کو بدنامی کا سامنا رہا ہے، مگر اگر آپ سرخیوں سے ہٹ کر دیکھیں تو آپ کو صلاحیت، استقلال اور وژن نظر آئے گا۔”
انہوں نے عالمی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا”آئیں! پاکستان میں حقیقی چیزیں بنائیں، غریبوں کے لیے والٹس بنائیں، زمین کو ٹوکنائز کریں، اور ایک ناقابل شکست نسل کے ساتھ اپنے مشن کو وسعت دیں۔”
ایک ڈیجیٹل پاکستان، نوجوانوں کا پاکستان
بلال بن ثاقب نے واضح کیا کہ پاکستان اب ایک نئی راہ پر گامزن ہے – ایک ایسی معیشت کی طرف جوٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہے،نوجوانوں سے متحرک ہے،اور قیادت کے لیے تیار ہے.
یہ اقدام بٹ کوائن کو ایک اثاثہ کے طور پر سرکاری سطح پر تسلیم کرنے کی جانب ایک انقلابی پیش رفت ہے، جس سے پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں ایک مؤثر اور بااعتماد کھلاڑی کے طور پر ابھرے گا۔

