خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جرمن ریلویز نے “Female ICE 2.0″چلادی

جرمنی (بیورورپورٹ) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جرمن ریلویز ( ڈوئچے بان )نے ایک تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے “Female ICE 2.0” ( فیمیل انٹر سٹی ایکسپریس ٹو پوائنٹ زیرو )کے نام سے ایک خصوصی ٹرین چلائی ہے، جس کا پورا عملہ خواتین پر مشتمل ہے۔

یہ خصوصی ٹرین برلن سے فرینکفرٹ کیلئے روانہ ہوئی، جس میں ٹرین کنڈکٹرز، اسٹیشن عملہ اور آن بورڈ سروسز سمیت تمام ذمہ داریاں خواتین نے نبھائیں۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور ریل انڈسٹری میں ان کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

ڈوئچے بان ویمنز نیٹ ورک کے مطابق، اس منصوبے کا مقصد 2035 تک کمپنی میں خواتین کے مجموعی تناسب کو 40 فیصد تک بڑھانا ہے۔ اس وقت ڈوئچے بان میں خواتین ملازمین کا تناسب 29.4 فیصد ہے، جب کہ 2009 میں یہ شرح محض 20.8 فیصد تھی۔

ٹرین کے سفر کے دوران مختلف ورکشاپس اور گفتگو کے سیشنز بھی منعقد کیے گئے، جن میں ڈوئچے بان کے ملازمین، سیاست دان، کیریئر مشیر، اور سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، اور ریاضی کے شعبوں سے وابستہ خواتین شامل تھیں۔ ان سیشنز میں مہمانوں نے اپنے کیریئر کے چیلنجز اور کامیابیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

فیمیل ICE 2.0 ٹرین نے اپنے سفر کے دوران (Lutherstadt Wittenberg, Leipzig, Erfurt, Eisenach اور Fulda )ایرفرٹ ، لائپزگ ، لُتھرشٹاڈ ، وٹن برگ ، آئزن ناخ اور فُلڈا میں اسٹاپ کیا اور بالآخر دوپہر 1 بج کر 44 منٹ پر فرینکفرٹ پہنچ گئی، جہاں مزید تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

جرمن ریلویز (ڈوئچے بان )حکام کے مطابق، 2014 میں قائم ہونے والے ڈوئچے بان ویمنز نیٹ ورک کے تحت خواتین کو مزید مواقع فراہم کرنے کیلئےکئی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 2022 میں پہلی مرتبہ “فیمیل ICE” ٹرین میونخ سے چلائی گئی تھی، اور اب اس روایت کو مزید وسعت دی جا رہی ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں