ہری پور(نامہ نگار) خیبر پختونخوا حکومت نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخابات کی مکمل انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے این اے 18 ہری پور ضمنی انتخابات کی انکوائری کا فیصلہ کر لیا ہے اور پارٹی کو انکوائری کا اختیار دے دیا گیا ہے۔
شفیع جان کے مطابق ضمنی الیکشن میں کلاس فور سے لیکر ڈپٹی کمشنر تک کی مکمل جانچ کی جائے گی اور کسی بھی اہلکار یا افسر کے ملوث ہونے پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ماتحت ملازمین اور افسران دھاندلی میں ملوث نہیں، تاہم شفافیت کو یقینی بنانے کیلئےانکوائری کی جا رہی ہے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا جا رہا ہے جبکہ پریذائیڈنگ افسران کے بیانات اور بیان حلفی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔

