راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران انتہائی مطلوب دہشتگرد سمیت 8 کو ہلاک کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ کیا گیا جہاں خوارج کے سرغنہ خان محمد عرف خورے سمیت 2 دہشتگرد مارے گئے۔
آپریشن کے دوران 2 دہشتگردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔ ہلاک دہشتگرد خان محمد عرف خورے ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حکومت نے ہلاک دہشتگرد کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔سکیورٹی فورسز نے دوسرا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ضلع لکی مروت میں کیا جہاں 6 خوارج مارے گئے، علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری رہا۔
گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دو خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔ آپریشن لکی مروت میں کیا گیا جس میں دو خارجی دہشتگرد زخمی بھی ہوئے تھے۔علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی پر کلیئرنس آپریشن جاری رہا تھا۔