خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز نے 9 فتنہ الخوارج کو ہلاک کردیا

پشاور (آئی ایس پی آر)سیکیورٹی فورسز نے 19 دسمبر کو خیبر پختونخوا میں دو الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 دہشت گرد مارے گئے اور ان سے اسلحہ، گولہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک شدہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم تھے۔ علاقے میں کسی بھی ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، تاکہ غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد دہشت گردی کی مہم پوری شدت اور رفتار سے جاری رکھیں گے۔