راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان (شوال) اور چترال میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ دہشت گردوں کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں لیفٹیننٹ دانیال اسمٰعیل سمیت چار بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے۔
شمالی وزیرستان میں حملے کی ناکام کوشش
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 28 اور 29 مئی کی درمیانی شب بھارتی پراکسی گروہ “خوراج” سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں واقع ایک چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، جسے فوج نے مؤثر حکمت عملی کے تحت ناکام بنا دیا۔
6 دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے.دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا.
مادرِ وطن پر قربان ہونے والے سپوت
اس بہادرانہ مزاحمت کے دوران، ضلع مردان سے تعلق رکھنے والے جوان لیفٹیننٹ دانیال اسمٰعیل نے شجاعت کی نئی مثال قائم کی اور شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔ ان کے ہمراہ تین مزید جوان بھی شہید ہوئے:
نائب صوبیدار کاشف رضا (42 سال) – ضلع چکوال،لانس نائیک فیاقت علی – ضلع ہری پور،سپاہی محمد حمید (26 سال) – ضلع ایبٹ آباد،
چترال میں ایک اور دہشت گرد ہلاک
دوسری جانب، ضلع چترال میں ہونے والی ایک اور کارروائی میں فورسز نے بھارتی اسپانسرڈ نیٹ ورک “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے ایک اور دہشت گرد کو کامیابی سے ہلاک کیا۔
کلیئرنس آپریشن جاری
آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی میں موجود خارجی عناصر کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
پاک فوج نے اعادہ کیا ہے کہ”پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی پراکسی دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مکمل پرعزم ہیں۔ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے غیر متزلزل قومی عزم کی علامت ہیں، اور ہم اپنے ہر انچ کی حفاظت کیلئے ہر قیمت چکانے کو تیار ہیں۔”

