خیبرپختونخوا میں 23 تا 26 اگست مزید بارشوں کی پیشگوئی، ہائی الرٹ جاری

پشاور (نامہ نگار) محکمہ موسمیات نے 23 اگست سے 26 اگست تک خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اور وسطی اضلاع بشمول ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ، کوہستان، بونیر، پشاور، مردان، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان سمیت دیگر اضلاع میں تیز بارشوں کے نتیجے میں نالوں میں طغیانی، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس سلسلے میں تمام ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی اقدامات کرنے، نکاسی آب کے نظام کی صفائی، مقامی آبادی اور سیاحوں کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ کاشتکار اپنی فصلیں اور مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں جبکہ سیاح خطرناک مقامات کی جانب جانے سے گریز کریں۔ مزید برآں، متعلقہ اداروں کو ایمرجنسی سروسز، طبی امداد، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 1700 ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں