پشاور (نمائندہ خصوصی/پی ڈی ایم اے رپورٹ) خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 341 تک جا پہنچی ہے۔ صوبائی حکومت نے متاثرہ اضلاع کے لیے 80 کروڑ روپے کے امدادی فنڈز جاری کردیے ہیں جبکہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر کے لیے اضافی 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں سے مختلف حادثات میں 341 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 292 مرد، 28 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں، جب کہ زخمیوں کی تعداد 178 ہے جن میں 144 مرد، 24 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 420 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 281 جزوی طور پر متاثر جبکہ 139 مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر ہے جہاں 222 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ضلع صوابی میں حالیہ فلش فلڈ اور بارشوں کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر اور بٹگرام شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 17 سے 19 اگست کے دوران مزید شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ موجودہ بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کو 89 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔ امدادی سامان میں خیمے، بستر، میٹرسز، کچن سیٹس، ترپال، چٹائیاں، مچھر دانیاں، جنریٹرز اور دیگر اشیائے ضرورت شامل ہیں۔
حکومت کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو 800 ملین روپے جاری کیے ہیں جبکہ ضلع بونیر کے لیے اضافی 500 ملین روپے فراہم کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں اور متاثرین کو فوری مدد فراہم کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا موسمی صورتحال کی اطلاع اور رہنمائی کیلئےہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

