راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی) – پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر 2 مختلف کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 31 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
13 اور 14 ستمبر کو لکی مروت اور بنوں میں کی گئی کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، 14 دہشت گرد لکی مروت جبکہ 17 دہشت گرد بنوں میں ہلاک ہوئے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 بھارتی پراکسی یافتہ خوارج ہلاک ہوگئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دوسری کارروائی ضلع بنوں میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 17 خارجی دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ آپریشنز کے دوران علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی موجودگی کو مکمل طور پر ختم کرنے کیلئےکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ ملک میں امن قائم رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ 11 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے لوئر دیر کے علاقے لال قلعہ میدان میں کارروائی کرتے ہوئے 10 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کیا تھا۔ اس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 7 بہادر سپوت شہید ہوئے جنہوں نے یرغمال بنائے گئے معصوم شہریوں کو بچاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر نے اعادہ کیا کہ کسی بھی بھارتی سرپرست خوارج کے خاتمے کیلئےسیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور دہشت گردی کو ملک سے مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔

