خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے ماں بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق، 10 زخمی

پشاور (نامہ نگار)خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں، جھکڑوں اور آندھی کے باعث پیش آنے والے افسوسناک حادثات میں ماں بیٹی سمیت 4 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 اور مقامی حکام امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق ضلع مہمند اور مردان سے جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئیں۔مہمند کی تحصیل صافی میں ماربل کان پر آسمانی بجلی گرنے سے مینا گل اور محمد رفیق جاں بحق، جبکہ جمیل خان زخمی ہوا، جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال نواگئی منتقل کر دیا گیا۔

مردان کے علاقے تخت بھائی اسلام آباد کلے میں چھت گرنے سے ماں اور بیٹی جاں بحق ہو گئیں۔اسی علاقے میں ایک دیوار گرنے سے ایک لڑکی زخمی ہوئی، جبکہ کاٹلنگ قاسمی، اخوان بابا، بخشیالی چمڈھیری روڈ، مانگہ، جبل مدرسہ اور رستم پیشکندو جیسے علاقوں میں دیواریں اور درخت گرنے کے متعدد واقعات میں کئی افراد زخمی ہوئے، جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے ابتدائی طبی امداد دے کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا۔

ضلع سوات کے بالائی علاقوں میں ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق اس تباہی سے کسان طبقہ شدید متاثر ہوا ہے۔مردان کے مختلف علاقوں میں درخت گرنے سے سڑکیں بند ہو گئیں، جنہیں ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد کی مدد سے کھولنے کا عمل جاری ہے۔

ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں جڑواں شہروں اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور تعمیرات سے دور رہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 سے رابطہ کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں