دبئی میں پہلا تیرتا ہوا پُل بنانے کا اعلان

دبئی کی حکومت نے مستقبل قریب میں پیدل چلنے والے مسافروں کے لیے الممزار کے علاقے میں پہلا تیرتا ہوا 200 میٹر طویل پُل بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اس منصوبے کے تحت الممزار ساحل کے 4.3 کلومیٹر اور جمیرہ 1 کے 1.4 کلومیٹر حصّے کو 18 ماہ میں جدید طرز پر بنایا جائے گا جس پر تقریباََ 355 ملین درہم کی لاگت آئے گی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات پر متعارف کروایا گیا ہے جس کا مقصد دبئی کے ساحلوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لیے ان ساحلوں کو بلند بھی کیا جائے گا اور مقصد کے لیے نصف ملین کیوبک میٹر سے زیادہ ساحلی ریت استعمال کی جائے گی۔

دونوں ساحلوں پر کل 11 کلومیٹر سائیکل اور رننگ ٹریک ہوگا جبکہ درختوں سے گھرا ہوا 5 کلومیٹر واک وے ہوگا۔

ان ساحلوں پر باربی کیو، فٹنس سرگرمیاں، بچوں کے کھیل، بیچ ریسٹ ہاؤسز اور موسمی سرگرمیوں کے لیے بھی جگہیں بنائی جائیں گی۔

اس کے علاوہ، ساحلوں پر آبپاشی کا خودکار نظام بھی ہوگا جو انہیں ہرا بھرا رکھے گا، کار پارکنگ کے لیے 1400جگہیں ہوں گی۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ سیفٹی ڈپازٹ باکسز، وائی فائی، الیکٹرانک اسکرینز، بیچ ریسکیو سروسز، دبئی میونسپلٹی اور پولیس کے مرکزی کنٹرول رومز سے منسلک 100 سیکیورٹی کیمرے دیگر سہولیات میں شامل ہیں۔

اماراتی حکام نے یہ اعلان بھی کیا کہ دیرا کے ساحل کو 24 گھنٹے مسلسل فعال رہنے والا ساحل بنایا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق، اس منصوبے پر کام شہزادہ شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین کی رہنمائی میں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں