دبئی(کلچرل ڈیسک)ہالی ووڈ کے معروف اداکار ول اسمتھ نے بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان سے درخواست کی ہے کہ انہیں کسی ہندی فلم میں کردار دیا جائے۔ 57 سالہ ول اسمتھ نے یہ بات اپنی نئی سیریز ’پول ٹو پول ویتھ ول اسمتھ‘ کے دبئی میں پریمیئر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ول اسمتھ نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے بھارتی سنیما کے بڑے ستاروں کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں اور اس سلسلے میں شاہ رخ خان سے براہِ راست رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے شاہ رخ خان کے بالی ووڈ میں بلند مقام کو سراہا اور مستقبل میں ممکنہ تعاون کی امید ظاہر کی۔
اداکار نے مزید بتایا کہ ماضی میں ان کی سلمان خان اور امیتابھ بچن سے بھی بات چیت ہوئی تھی، مگر کوئی منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔ اس وقت وہ اپنی نئی نیشنل جیوگرافک سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس میں وہ دنیا بھر میں 100 دنوں کے لیے انتہائی مشکل چیلنجز کا سامنا کرتے دکھائی دیں گے۔

