دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر بھارت نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ جیت لیا

دبئی(انڈین ایکسپریس) بھارت نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔

بھارتی اوپنرز شفیالی ورما اور اسمرتی مندھانا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 129 رنز کی شراکت قائم کی۔ شفیالی ورما نے 68 جبکہ اسمرتی مندھانا نے 59 رنز بنائے۔رچا گھوش نے 17 اور کپتان ہرمن پریت کور نے 14 رنز بنائے۔

184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 111 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان چماری اتاپتو 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔بھارت کی جانب سے سری چَرانی نے 4 جبکہ دیپتی شرما نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت نے آٹھویں مرتبہ ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔