بھارتی پنجاب کے معروف گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کو حیدرآباد میں حکومت کی جانب سے پابندی کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ اپنے ہپ ہاپ پنجابی گانوں کے سبب دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ آج کل اپنے ’دلومیناتی ٹور‘ کے سلسلے میں بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں موجود ہیں۔
گلوکار کا حیدر آباد میں شاندار سولڈ آؤٹ کنسرٹ متوقع ہے، تاہم اس سے قبل انہیں تلنگانہ کی حکومت کی جانب سے پابندی کا سامنا ہے۔
بھارتی ریاست تلنگانہ کی حکومت نے معروف پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے حوالے سے انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایات دی ہیں کہ کنسرٹ کے دوران ایسے گانے نہ گائے جائیں جیسے دہلی کنسرٹ میں گائے گئے تھے، جو شراب، منشیات یا تشدد کو فروغ دیتے ہیں۔
مزید برآں اسٹیج پر بچوں کی شرکت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
بچوں کی حفاظت کے پیشِ نظر اونچی آوازوں اور فلیش لائٹس کے استعمال کو محدود رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
دلجیت دوسانجھ کو یہ نوٹس چندی گڑھ کے ایک شہری کی شکایت کے نتیجے میں جاری کیا گیا ہے، جس نے تلنگانہ کی انتظامیہ سے درخواست کی تھی۔
مذکورہ شہری نے حکام سے استدعا کی تھی کہ وہ حیدر آباد میں کنسرٹ کے دوران دلجیت کو ایسے گانے سے روکیں جو تشدد اور منشیات کو فروغ دیتے ہوں اور ساتھ ہی شو میں بچوں کے استعمال سے بھی روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔
یہ نوٹس گزشتہ ماہ نئی دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ہونے والے دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے بعد جاری کیا گیا، جہاں گلوکار نے ’کیس، پنچتارا اور پٹیالہ پیگ‘ جیسے گانے گائے تھے۔
تلنگانہ کے خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمہ کی کمشنر کانتھی ویسلی نے تصدیق کی ہے کہ نوٹس دلجیت دوسانجھ اور شو کے منتظمین تک پہنچا دیا گیا ہے۔
تلنگانہ حکومت نے اس نوٹس کے ذریعے کنسرٹ انتظامیہ پر واضح کیا ہے کہ وہ قوانین کی پاسداری کریں اور عوامی تحفظ کو یقینی بنائیں ورنہ قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔