دنیا بھر سے لاکھوں فرزندانِ اسلام فریضۂ حج کی ادائیگی کیلئےمکہ مکرمہ پہنچ گئے

سعودی حکام کی جانب سے گرمی سے بچاؤ، سیکیورٹی اور سہولیات کیلئےغیر معمولی انتظامات

مکہ مکرمہ(نامہ نگار) دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان فریضۂ حج کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں، جہاں سعودی حکومت کی جانب سے زائرین کیلئے مثالی اور وسیع تر انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام نہ صرف حجاج کرام کی سہولت، طبی امداد اور ٹھنڈے ماحول کی فراہمی کیلئےسرگرم ہیں بلکہ بغیر اجازت شہر میں داخل ہونے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، اس سال حج کے موقع پر 130 سے زائد ممالک سے اب تک 13 لاکھ سے زائد زائرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق 40 سے زائد سرکاری ادارے اور 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افسران و اہلکار حجاج کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔

گزشتہ برس شدید گرمی کے باعث 1300 سے زائد حجاج کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار سعودی حکام نے وسیع حفاظتی اور طبی اقدامات کیے ہیں۔ وزیرِ حج توفیق الربیعہ نے بتایا”50 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر سایہ دار شیڈز نصب کیے گئے ہیں، 400 کولنگ یونٹس فعال کیے گئے ہیں اور میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے۔ دواؤں کی بروقت دستیابی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔”

اتنی بڑی تعداد میں حجاج کی نقل و حرکت کو مؤثر طور پر مانیٹر کرنے کیلئےڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ رش، گمشدگی یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردعمل ممکن ہو۔

فلپائن سے آئے ایک زائر عبدالمجید آتی کا کہنا تھا”اللہ کا خاص کرم ہے کہ ہم یہاں ہیں۔ ہمیں یہاں بے حد اطمینان اور تحفظ کا احساس ہو رہا ہے۔”

اسی طرح نائیجیریا سے آئے زائر عبدالحامد نے کہا”یہ میرا دوسرا حج ہے، اور میں بہت خوش ہوں۔ گرمی بہت شدید ہے، مگر انتظامات کی بدولت آسانی محسوس ہو رہی ہے۔”

حج اسلام کا ایک اہم اور مقدس رکن ہے جو ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک بار فرض ہے۔ یہ عبادت نہ صرف روحانی تطہیر کا ذریعہ بنتی ہے بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو اتحاد، مساوات اور اخوت کے عظیم درس سے بھی ہمکنار کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں