غزہ (ایجنسیاں)میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں معروف صحافی انس الشریف اور الجزیرہ کے مزید چار ارکان کی شہادت پر دنیا بھر میں شدید غم و غصہ اور مذمت کا اظہار کیا گیا ہے۔ حملہ الشفا اسپتال کے قریب ایک خیمے پر براہِ راست کیا گیا۔

پاکستان، قطر، برطانیہ، ایران، اقوامِ متحدہ، رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز، کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس، فریڈم آف دی پریس فاؤنڈیشن اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت عالمی اداروں اور رہنماؤں نے اس اقدام کو بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ سب نے اسرائیل کو صحافیوں کو نشانہ بنانے سے روکنے اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا۔

عالمی انسانی حقوق کے اداروں کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں کم از کم 242 صحافی شہید ہو چکے ہیں۔ عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے تاکہ میڈیا پر حملے بند ہوں اور صحافیوں کو آزادانہ و محفوظ ماحول میں کام کرنے کی ضمانت مل سکے۔

